لاہور( اباسین خبر) لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف درج مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست کو خارج کر دیا۔ اس درخواست پر سماعت جسٹس فاروق حیدر نے کی، جو عمران خان کی بہن نورین نیازی کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔درخواست گزار کے وکیل نے مقف اپنایا کہ عمران خان کو تمام مقدمات میں عبوری ضمانت دی جائے، تاہم جسٹس فاروق حیدر نے اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے ملزم کا عدالت میں پیش ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مقدمات چھپائے گئے ہیں تو متعلقہ ڈی پی او کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔دوران سماعت محکمہ داخلہ پنجاب اور وفاقی حکومت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کی رپورٹس عدالت میں پیش کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ عمران خان کے خلاف صوبے میں کوئی مقدمہ درج نہیں ہے، جب کہ وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسلام آباد پولیس نے عمران خان کے خلاف 62 کیسز درج کر رکھے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے تمام رپورٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست کو نمٹا دیا۔
عمران خان کیخلاف درج مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست خارج
24