لاہور( سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار نے اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کو سنگین خطرے میں ڈال دیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا موقف ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ایک ہائبرڈ ماڈل اپنانا چاہیے، جس کے تحت کچھ میچز پاکستان میں اور کچھ دیگر ممالک میں کھیلے جائیں۔ تاہم پی سی بی نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے صاف انکار کر دیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ وہ چیمپیئنز ٹرافی کو مکمل طور پر پاکستان میں منعقد کرنے کے حق میں ہیں اور یو اے ای میں میچز کرانے کے لیے کوئی بات چیت ابھی تک نہیں کی گئی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے اس موقف پر شدید اصرار کیا گیا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں ہی ہونا چاہیے، جیسا کہ اس کی میزبانی کا حق پاکستان کو دیا گیا ہے۔جمعہ کی شب پی سی بی کو آئی سی سی سے ایک ای میل موصول ہوئی، جس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک خط کا حوالہ دیا گیا تھا۔ اس خط میں کہا گیا کہ بھارتی حکومت نے اپنے کرکٹرز کو پاکستان جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے، جس کے بعد بھارتی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان میں شرکت نہیں کر سکے گی۔یہ صورتحال چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد کے حوالے سے نئی مشکلات پیدا کر رہی ہے، کیونکہ اس تنازعے کا حل نکالنے کے لیے آئی سی سی اور دونوں ملکوں کے بورڈز کے درمیان مذاکرات کی ضرورت ہوگی۔
بھارتی انکار نے چیمپئینز ٹرافی کے انعقاد کو خطرے میں ڈال دیا
25