پشاور( اباسین خبر)وفاقی وزیر و رہنما مسلم لیگ ن انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں قیدی نمبر 804 کے نام پر لوٹ مار کی جارہی ہے۔پشاو رمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں عوام کے مسائل کے حل کی باری کب آئے گی کوئی نہیں جانتا، خیبرپختونخوا کے عوام شدید مشکلات کا سامنا کررہے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عوام کو بے گھر ہونا پڑا، خیبرپختونخوا کے عوام نے قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا شدید مسئلہ ہے، سوات میں ایک بڑے سانحہ سے اللہ تعالی نے ہمیں محفوظ فرمایا، صوبائی حکومت خیبرپختونخوا میں امن کے قیام کو یقینی بنائے، خیبرپختونخوا میں لوگ شام کو گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے، صوبے میں ڈینگی کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے، خیبرپختونخوا کی حکومت ناچ گانے کی بجائے عوام کی صحت کے مسائل پر توجہ دے۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں کا ایجنڈا پاکستان کو تباہ کرنا ہے، پی ٹی آئی حکومت نے کتنے کھیلوں کے میدان بنائے؟ اپنی کمیشن کے لیے جامعات کی اراضی کو فروخت کیا جارہا ہے، پی ٹی آئی نے لوگوں کو گمراہ کر کے قیدی نمبر 804 کی رہائی کے لیے جلسے شروع کئے ہیں، جلسے میں لوگوں کو دیہاڑی پر لے جایا جاتا ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یہ لوگ گزشتہ جلسے کے لیے دفاتر بند کرکے سرکاری ملازمین کو ساتھ لے کر گئے تھے ، موجودہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی ترجیحات ملک اور صوبے کے لئے نہیں، صوبے میں کیا ہونا چاہیے اور کیا نہیں موجودہ وزیر اعلی کی یہ ترجیح ہے ہی نہیں، خیبرپختونخوا میں قیدی نمبر 804 کے نام پر لوٹ مار کی جارہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی بات اچھے دل سے نہیں کرسکتے، گورنر راج آئینی اقدام ہے کوئی غیر آئینی نہیں ہے، صوبے میں گورنر راج لگانا ایک مجبوری ہوگی، ہمارے پاس گورنر راج کے علاوہ کئی دیگر آپشنز موجود ہیں، آئینی ترمیم خواہش ہے جس میں عوام کے لیے بہت کچھ ہے۔
خیبرپختونخوا میں قیدی نمبر 804 کے نام پر لوٹ مار کی جارہی ہے: امیر مقام
48