چھوٹے کاروباری ادارے برآمدات میں سہولت کی حکومتی اسکیم سے فائدہ اٹھائیں: بلال اظہر کیانی
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ وزیراعظم کی ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔وزارت خزانہ میں اسکیم کا جائزہ لینے کے لیے قائم کمیٹی کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت برآمدات بڑھانے اور ملکی صنعت کو ترقی دینے کے لیے مؤثر اقدامات کررہی ہے۔اجلاس میں ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم کو مزید کارآمد بنانے، طریقہ کار آسان کرنے اور اسے بدلتے ہوئے تجارتی تقاضوں کے مطابق ڈھالنے سے متعلق تجاویز پر غور کیا گیا۔وزیر مملکت نے واضح کیا کہ اسکیم کے تمام زمروں میں شمولیت کے لیے اہلیت کے طے شدہ معیار کا یکساں اطلاق ہوگا اور مقررہ ضابطوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ برآمد کنندگان کے لیے سرمایہ جاتی سامان اور پیداواری مشینری درآمد کرنے کے قواعد مزید واضح اور آسان بنائے جائیں۔اجلاس میں برآمدی اخراجات کم کرنے، مقامی مصنوعات میں قدر بڑھانے اور ملکی صنعتی و پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کے لیے مجوزہ ترامیم کا بھی جائزہ لیا گیا۔بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ موجودہ برآمدی اسکیموں پر نظرثانی کرکے انہیں کاروباری اداروں کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے گا تاکہ ملکی معیشت کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جاسکے۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ برآمدات میں اضافے اور معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے متعلقہ فریقوں اور تجارتی تنظیموں سے مشاورت جاری رکھی جائے گی۔