پی ٹی آئی دور کے مبینہ کرپشن ملزمان کی واپسی کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کا انٹرپول سے رجوع
پشاور ( اباسین خبر) خیبرپختونخوا حکومت نے سابقہ پی ٹی آئی دور میں سامنے آنے والے کرپشن کیسز میں مبینہ طور پر ملوث اور بیرون ملک فرار افراد کو واپس لانے کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرلیا ہے۔مشیر اطلاعات ثمر بلور نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سہیل آفریدی کی کابینہ اور ان کی ٹیم نے بیرون ملک فرار افراد کی واپسی کے لیے حکمت عملی تیار کرلی ہے اور اس سلسلے میں انٹرپول سے رابطہ کیا گیا ہے۔ان کے مطابق پتنگ عرف ہادی نے مبینہ طور پر 4 ارب روپے کی کرپشن کی، جبکہ بلدیات، اعلیٰ تعلیم اور مواصلات و تعمیرات کے محکموں میں بھی ریکارڈ میں خورد برد کی گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سہیل آفریدی کا ایک قریبی فرنٹ مین بھی بیرون ملک فرار ہے۔ثمر بلور نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان درست ہے اور پی ٹی آئی حکومت دہشت گردوں کے خلاف خاموش رہی۔ ان کا الزام تھا کہ پی ٹی آئی افغانستان کا نظام پاکستان میں نافذ کرنا چاہتی تھی، جبکہ دہشت گردی کے معاملے پر بعض مذہبی سیاسی جماعتوں کا مؤقف بھی مختلف ہے۔مشیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ حکومت میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز اور مختلف بورڈز میں تبدیلیاں کررہی ہے۔ اسپتالوں کے بورڈز آف گورنرز میں بیوروکریسی اور حکومتی ٹیم کے ارکان کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔