جعلی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے: شاہد رند
کوئٹہ ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اختیار حاصل ہے اور اس سلسلے میں اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد رند نے بتایا کہ بلوچستان کے 3 سوشل میڈیا کارکنوں کی جانب سے مبینہ طور پر غلط خبریں شائع کرنے پر قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے (این سی سی آئی اے) کو تحریری طور پر کارروائی کی درخواست دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی دھارے کے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں نے ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے حقائق پر مبنی خبریں دی ہیں، تاہم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے جھوٹی اطلاعات کا پھیلاؤ ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔شاہد رند کے مطابق فیس بک، واٹس ایپ اور دیگر سماجی رابطوں کے ذرائع پر جعلی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، جن کی روک تھام کے لیے ملک میں قوانین موجود ہیں۔ قانون کی خلاف ورزی اور غلط اطلاعات پھیلانے والوں کے خلاف قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ عبید آغا، ثناء اچکزئی اور مقبول جعفر کے خلاف مبینہ طور پر غلط خبریں پھیلانے کے معاملے پر کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ ان میں سے 2 افراد کوئٹہ میں جبکہ ایک بیرون ملک مقیم ہے۔معاون وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ تینوں افراد کے خلاف این سی سی آئی اے کے ذریعے مقدمات درج کرائے گئے ہیں اور قانونی کارروائی جاری ہے۔