قومی وسائل پر قبضے اور دھاندلی زدہ حکومتیں قبول نہیں کریں گے: فضل الرحمان

قومی وسائل پر قبضے اور دھاندلی زدہ حکومتیں قبول نہیں کریں گے: فضل الرحمان

Nov 3, 2026|ویب ڈیسک

مانسہرہ( اباسین خبر)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آنے والی حکومتوں کو تسلیم نہیں کیا جائے گا اور قومی وسائل پر کسی کو ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2018 اور 2024 کے انتخابات بھی قبول نہیں کیے گئے، تاہم عوام کے حقوق اور پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے جدوجہد پوری ہمت کے ساتھ جاری رہے گی۔انہوں نے سابق ڈویژنل صدر پاکستان پیپلز پارٹی ہزارہ ملک وحید کی جے یو آئی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں قافلہ شیخ الہند کا حصہ بننے پر مبارکباد دی۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وقت محدود اور مقابلہ سخت ہے، لیکن پاکستان کا مستقبل ان کی جدوجہد سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قوم کو تقسیم کرکے آپس میں لڑایا جا رہا ہے، جبکہ عوام کے سیاسی، سماجی اور معدنی حقوق پر شب خون مارا گیا تو وہ آواز بلند کریں گے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی قوتوں کی پالیسیاں کسی صورت قبول نہیں، نہ ہی پاکستانی سرزمین پر عالمی طاقتوں کو بٹھانے اور دہشت گردی کی آڑ میں قومی وسائل پر قبضے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔جے یو آئی سربراہ کے مطابق 2010 سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے، لیکن حالات بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہوئے ہیں۔ موجودہ صورتحال سے بیرونی ایجنڈے کا تاثر پیدا ہوتا ہے، جس پر حکمرانوں اور طاقتور حلقوں کو ان کے تحفظات دور کرنے چاہئیں۔انہوں نے شکوہ کیا کہ سوالات کے جواب دینے کے بجائے ان کی کردار کشی کی جا رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اب دیگر جماعتوں کی طرح پس پردہ رہنے کے بجائے میدان میں آنا ہوگا، عوام ان کے ساتھ ہیں اور وہ کسی دباؤ کے بغیر امن، حقوق اور قومی اختیار کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔