اسیر پی ٹی آئی رہنماؤں کا بھی عمران خان سے متعلق چیف جسٹس کو خط

اسیر پی ٹی آئی رہنماؤں کا بھی عمران خان سے متعلق چیف جسٹس کو خط

Nov 20, 2026|ویب ڈیسک

  اسلام آباد ( اباسین خبر)انی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے بعد کوٹ لکھپت جیل میں قید پارٹی رہنماؤں نے بھی چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو مشترکہ خط ارسال کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کو طبی سہولیات فراہم کرنے اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔خط لکھنے والوں میں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری شامل ہیں، جنہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے دونوں چیف جسٹس صاحبان کو یہ مراسلہ بھجوایا۔خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو ٹھوس شواہد کے بغیر مقدمات اور سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی سیاسی رعایت یا خصوصی برتاؤ کے خواہاں نہیں بلکہ آئین کی بالادستی اور بنیادی حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں۔اسیر رہنماؤں نے یاد دلایا کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست 2026 کو عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور ان کے طبی معائنے کے لیے ماہر امراض قلب اور آنکھوں کے ڈاکٹر پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا، تاہم اس عدالتی فیصلے پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ خط میں مطالبہ کیا گیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ڈاکٹروں تک رسائی اور مناسب علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔مراسلے میں چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے جیلوں میں اصلاحات کے لیے قومی سطح پر اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ جیل کی چار دیواری کے اندر بھی شہریوں کے آئینی حقوق برقرار رہتے ہیں۔ سابق وزیراعظم کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد نہ ہونا جیل اصلاحات کے دعوؤں پر سوالات اٹھاتا ہے۔خط میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جسمانی اور ذہنی صحت کے حوالے سے بھی سنگین خدشات ظاہر کیے گئے۔ اسیر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر عدالتیں فوری انصاف فراہم نہیں کرسکتیں تو کم از کم اپنے احکامات پر عمل درآمد ضرور یقینی بنائیں۔انہوں نے عمران خان کی اہلخانہ، وکلا اور بیٹوں سے ملاقاتوں کے عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد کا مطالبہ بھی کیا۔ اس کے علاوہ قید سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے زیر التوا مقدمات اور اپیلوں کے غیرجانبدارانہ اور فوری فیصلے کرنے، عدالتی کارروائی کو سیاسی و انتظامی مداخلت سے محفوظ رکھنے اور عدالتی احکامات کی دانستہ خلاف ورزی کرنے والوں کا احتساب کرنے کی اپیل کی۔