فضل الرحمن کی رہائشگاہوں سے سکیورٹی واپس، اسلام آباد گھر کے باہر پولیس ناکہ
راولپنڈی ( اباسین خبر) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے انکشاف کیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور اسلام آباد میں ان کی رہائشگاہوں سے تمام سکیورٹی اہلکار واپس بلا لیے گئے ہیں، جبکہ وفاقی دارالحکومت میں ان کے گھر کے باہر پولیس نے ناکہ بندی بھی کر رکھی ہے۔ٹی وی انٹرویو میں مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ان کی رہائشگاہ کے باہر پولیس ناکہ قائم کیا گیا ہے، جہاں آنے والے مہمانوں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے بھی اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اشتعال دلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پولیس اہلکار ناکے پر موجود ہیں، لیکن دریافت کرنے کے باوجود کوئی یہ بتانے کو تیار نہیں کہ ناکہ کس وجہ سے لگایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ قانون کے مطابق ہر اقدام کریں گے، تاہم مولانا فضل الرحمن کی سکیورٹی کے حوالے سے انہیں شدید تحفظات ہیں۔ذرائع کے مطابق گزشتہ رات ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا فضل الرحمن کی رہائشگاہ پر تعینات فرنٹیئر کور کا ایک پلاٹون واپس بلا لیا گیا، جبکہ ان کے ساتھ موجود پولیس اہلکاروں کی سکیورٹی ختم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔سکیورٹی برانچ ڈیرہ اسماعیل خان کے مطابق رات گئے پولیس اہلکاروں کی حفاظتی ڈیوٹیاں ختم کردی گئی تھیں، جبکہ صبح ضلعی پولیس نے مولانا فضل الرحمن اور ان کے صاحبزادے کے ساتھ تعینات اہلکاروں کو بھی واپس بلا لیا۔جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے مولانا فضل الرحمن اور مولانا اسعد محمود کی سکیورٹی واپس لینے کو بدترین فسطائیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں پر ماضی میں درجنوں خودکش حملے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسے خطرات کے باوجود اچانک کس کے حکم پر ان کی سکیورٹی ختم کی گئی؟ ترجمان نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمن کی حفاظتی انتظامات فوری طور پر بحال کیے جائیں۔اسلم غوری کے مطابق گزشتہ رات مفتی ابرار کی گرفتاری کے معاملے کو جواز بنا کر اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں چھاپے بھی مارے گئے۔دریں اثنا پولیس نے 7 نومبر کو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اجتماعات کے بعد درج مقدمے میں مولانا فضل الرحمن کے سیکریٹری مفتی ابرار احمد کے عدالتی وارنٹ پر عمل درآمد بھی کرادیا۔