ایک سیریز کی فتح کامیابی کا پیمانہ نہیں، ٹیم کو وقت دینا ہوگا: بابراعظم
راولپنڈی ( سپورٹس ڈیسک)قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ کسی ایک میچ یا سیریز میں کامیابی کو ٹیم کی مجموعی کارکردگی کا حتمی معیار قرار نہیں دیا جا سکتا، ٹیم کو مستحکم ہونے اور مستقل بہتر نتائج دینے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم میں نیا جوش اور توانائی پیدا ہوئی ہے۔ نوجوانوں نے بیٹنگ، بولنگ اور بالخصوص فیلڈنگ میں بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ انہیں اعتماد دینا سینئر کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں نے ملنے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی کوشش ہوگی کہ ان مواقع کو مستقل اچھی کارکردگی میں تبدیل کیا جائے۔ ٹیم میں نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کو یکجا کرکے ایک نیا امتزاج تشکیل دیا جا رہا ہے، جس کے لیے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ مختلف حالات اور حریف ٹیموں کے خلاف کھیلنے سے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بہتر طور پر جانچنے میں مدد ملتی ہے۔بابراعظم کے مطابق مشکل حالات میں کھلاڑیوں کا ردعمل، دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت اور رویہ ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ نوجوان کھلاڑی وقت کے ساتھ تجربہ حاصل کریں گے اور ٹیم کی کوشش ہے کہ وہ مشکل مواقع پر بہتر اور بروقت فیصلے کرنا سیکھیں۔ انہیں مسلسل مناسب مواقع فراہم کرنا ترجیح ہے۔قومی کپتان نے مزید کہا کہ طویل عرصے تک اچھی کارکردگی برقرار رکھنے کے لیے میچز جیتنا ضروری ہے، تاہم نوجوان کھلاڑیوں کو اعتماد اور سازگار ماحول دینا بھی اتنا ہی اہم ہے۔ اچھے وقت سے انسان سیکھتا ہے، لیکن مشکل وقت میں سیکھنے کے مواقع دوگنے ہو جاتے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں صبر کا مظاہرہ اور طے شدہ حکمت عملی پر قائم رہنا بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔