گندم درآمد کے باوجود آٹا مہنگا، عوام پریشان

گندم درآمد کے باوجود آٹا مہنگا، عوام پریشان

Nov 21, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)ملک میں گندم کی درآمد کے باوجود آٹے کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں اور مختلف شہروں میں نرخوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ دستاویزات کے مطابق کراچی، اسلام آباد، حیدرآباد اور بنوں سمیت ملک کے کئی شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 600 روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا مجموعی طور پر 334 روپے تک مہنگا ہوا، جبکہ حالیہ اضافے میں 100 روپے مزید بڑھنے کے بعد قیمت 3 ہزار 600 روپے ہو گئی ہے۔ادارہ شماریات کی رپورٹ میں دیگر شہروں کی صورتحال بیان کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پشاور میں 20 کلو آٹا 250 روپے مہنگا ہو کر 3 ہزار 550 روپے، جبکہ راولپنڈی میں 66 روپے 66 پیسے کے اضافے سے 3 ہزار 533 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 333 روپے کا بڑا اضافہ ہوا جس کے بعد نرخ 3 ہزار 467 روپے ہو گئے، جبکہ گوجرانوالہ میں بھی 333 روپے مہنگا ہونے کے بعد 20 کلو آٹا 3 ہزار 400 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔مزید برآں سکھر میں 20 کلو آٹے کی قیمت 280 روپے بڑھ کر 3 ہزار 360 روپے اور کوئٹہ میں 110 روپے کے اضافے کے بعد 3 ہزار 330 روپے تک جا پہنچی ہے۔