پاکستان کے ورچوئل ایسٹ الائنس کی عالمی قیادت میں توسیع
کراچی ( کامرس ڈیسک)ورچوئل ایسٹس الائنس آف پاکستان (ویپ) نے اپنی عالمی قیادت کے دائرہ کار کو مزید وسعت دیتے ہوئے جنوبی کوریا کے معروف ڈی سینٹ والیٹ کے ایگزیکٹیو وان کیو کم کو اپنے ایڈوائزری بورڈ کا رکن مقرر کر دیا ہے۔ورچوئل ایسٹس الائنس آف پاکستان کی چیئرپرسن ہنزہ آصف کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اہم تقرری کا بنیادی مقصد مقامی اسٹارٹ اپس کو عالمی ویب تھری (Web3) کمپنیوں سے منسلک کرنا ہے، جس سے پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان بلاک چین ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو نئی تقویت ملے گی۔بیان کے مطابق ڈی سینٹ والیٹ اس وقت 100 سے زائد بلاک چین نیٹ ورکس پر 10 ہزار سے زیادہ ڈیجیٹل اثاثوں کو سپورٹ فراہم کر رہا ہے، جس کے تجربے سے پاکستانی ڈیجیٹل مارکیٹ کو فائدہ پہنچے گا۔چیئرپرسن ہنزہ آصف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دنیا کی معروف ویب تھری کمپنیوں کو پاکستان لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کرپٹو کرنسی کو اپنانے کے رجحان میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تاہم اس حوالے سے ریگولیٹری چیلنجز اب بھی برقرار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ورچوئل ایسٹس الائنس آف پاکستان تعلیم، باہمی تعاون اور ذمہ دارانہ جدت کے فروغ کے ذریعے ملکی ڈیجیٹل معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔