طالبان رجیم کی پابندیاں، افغانستان میں انسانی بحران سنگین

طالبان رجیم کی پابندیاں، افغانستان میں انسانی بحران سنگین

Nov 21, 2026|ویب ڈیسک

کابل ( مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں طالبان رجیم کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں اور مداخلت کے باعث بین الاقوامی امدادی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، جس سے ملک میں جاری انسانی بحران مزید سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے۔اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (اوچا) کی جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق صرف اکتوبر کے مہینے میں طالبان رجیم کی جانب سے امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے کے 29 واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انتظامی مداخلت، معاہدوں پر دستخطوں میں غیر ضروری تاخیر اور امدادی کارکنوں کی نقل و حرکت محدود کیے جانے کے باعث ضرورت مندوں تک بنیادی انسانی امداد کی فراہمی میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔عالمی ادارے کے مطابق ان پابندیوں کے نتیجے میں افغانستان کے شعبہ صحت اور تعلیم کے ساتھ ساتھ خواتین کے تحفظ کے اقدامات بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔دوسری جانب بین الاقوامی فلاحی ادارے "سیو دی چلڈرن" کے ایک سروے میں ہولناک انکشافات سامنے آئے ہیں، جس کے مطابق افغانستان واپس لوٹنے والے 90 فیصد مہاجر خاندان مناسب خوراک، 73 فیصد رہائش جبکہ 62 فیصد بنیادی طبی سہولیات سے محروم ہیں، جس سے انسانی المیہ جنم لینے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔