طویل ایران تعیناتی سے امریکی جنگی صلاحیت متاثر ہوسکتی ہے:رپورٹ
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی اخبار "فنانشل ٹائمز" کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ٹرمپ انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی تعیناتی اگر طویل ہوئی تو اس سے امریکی افواج کی جنگی تیاری اور دنیا کے دیگر محاذوں پر کارروائی کرنے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔فنانشل ٹائمز نے معاملے سے واقف تین باخبر افراد کے حوالے سے بتایا ہے کہ سینٹکام نے امریکی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں تقریباً ایک سال سے جاری بڑے پیمانے پر فوجی موجودگی کو دسمبر کے بعد بھی برقرار رکھنے سے فوجی وسائل اور دفاعی تیاریوں پر شدید دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ امریکی فوجی منصوبہ سازوں کو خدشہ ہے کہ مسلسل تعیناتی سے مالی وسائل متاثر ہوں گے، جس کے نتیجے میں امریکا کو دنیا کے دیگر حصوں میں ابھرنے والے ممکنہ خطرات سے نمٹنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی حکام کو یہ تشویش بھی لاحق ہے کہ آئندہ ڈیموکریٹک قیادت والی کانگریس دفاعی اخراجات میں کمی لا سکتی ہے اور بیرونِ ملک فوجی کارروائیوں پر نگرانی مزید سخت کر سکتی ہے، جس سے ایران کے خلاف فوجی مہم جاری رکھنے کے لیے درکار وسائل اور انتظامی حمایت متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔دوسری جانب برطانوی اخبار کے مطابق اسرائیلی حکام اور بعض امریکی عہدیدار صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دے رہے ہیں کہ وہ نئے سال کے آغاز سے قبل ہی ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کریں۔ تاہم ایک امریکی فوجی عہدیدار نے سینٹکام سے منسوب اس رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمانڈ نے انتظامیہ کو ایسا کوئی پیغام نہیں دیا کہ حملوں کے لیے وقت ختم ہو رہا ہے یا نئے سال سے پہلے کارروائی نہ ہونے کی صورت میں امریکی افواج حد سے زیادہ دباؤ کا شکار ہو جائیں گی۔رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاحال ایران کے خلاف دوبارہ حملوں سے متعلق کسی فوری فیصلے کا عندیہ نہیں دیا ہے، جبکہ وائٹ ہاؤس یا سینٹکام کی جانب سے بھی ان تفصیلات پر کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی گئی۔ اس صورتحال میں امریکی انتظامیہ کو ایک طرف فوجی کارروائی کے مطالبات اور دوسری طرف طویل تعیناتی کے ممکنہ فوجی و مالی دباؤ کا سامنا ہے۔