ایران کے خلاف ایک اور حملہ ناگزیر ہے:نیتن یاہو
یروشلم (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران کے خلاف ایک اور فوجی کارروائی کو ناگزیر قرار دے دیا ہے اور اس سلسلے میں وہ امریکی قیادت کو بھی اعتماد میں لینے کے لیے سرگرم ہیں۔اسرائیلی نشریاتی ادارے چینل 13 کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے سینئر وزرا اور اعلیٰ سکیورٹی حکام کے ساتھ ہونے والے حالیہ مشاورتی اجلاسوں میں واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کارروائی اب ناگزیر ہو چکی ہے۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ بیان ایک ایسے حساس وقت میں سامنے آیا ہے جب اطلاعات کے مطابق نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف چند روزہ جنگ پر آمادہ کرنے کے لیے بھرپور زور دے رہے ہیں۔دوسری جانب ٹی وی نیٹ ورک نے اسرائیلی فوج کے ایک نامعلوم سینئر افسر کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی دفاعی افواج اور امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے پاس اس حوالے سے باقاعدہ منظور شدہ عسکری منصوبے پہلے ہی موجود ہیں اور اب عملی اقدام کے لیے سوال صرف مناسب وقت کے تعین کا باقی رہ گیا ہے۔