حکومت نے آئی ایم ایف شرط نظرانداز کر دی
اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)حکومت نے چینی کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے سے متعلق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی اہم شرط پوری کیے بغیر مزید 4 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد رواں سیزن کے دوران چینی کی مجموعی برآمدی اجازت 7 لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن تک پہنچ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے جمعہ کے روز ہونے والے اجلاس میں یہ منظوری متعلقہ وزارتوں کو پیشگی سمری ارسال کیے بغیر دی۔ وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اس فیصلے کی تصدیق کی اور کہا کہ گنے کی کرشنگ کا نیا سیزن شروع ہونے والا ہے اور ملک میں اس وقت چینی کی کوئی قلت موجود نہیں، اس لیے 4 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران یہ چینی برآمد کرنے کی تیسری اجازت ہے؛ اس سے قبل اگست میں ایک لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن اور ستمبر کے وسط میں 2 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے۔صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 6 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کا فیصلہ کئی ماہ قبل ہی کر لیا گیا تھا، تاہم ذرائع ابلاغ اور عوامی سطح پر ممکنہ ردعمل سے بچنے کے لیے اس پر دو مراحل میں عمل درآمد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق برآمد سے متعلق معاملات پہلے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سطح پر طے پائے اور بعد ازاں معاملے کو خفیہ رکھنے کے لیے سمری کو ای سی سی کے باقاعدہ ایجنڈے کے بجائے اضافی ایجنڈا آئٹم کے طور پر پیش کیا گیا، جس کے باعث متعلقہ وزارتوں کو فیصلے پر غور اور رائے دینے کا موقع نہیں مل سکا۔اجلاس میں شریک ایک عہدیدار کے مطابق وزیر خزانہ اور ای سی سی کے چیئرمین محمد اورنگزیب نے اجلاس میں چینی کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی ضرورت پر زور تو دیا، تاہم اس کے باوجود برآمد کی اجازت بھی دے دی گئی۔ یاد رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان پر شرط عائد کر رکھی ہے کہ چینی کے شعبے کو مکمل ڈی ریگولیٹ کرتے ہوئے درآمد و برآمد میں حکومتی عمل دخل ختم کیا جائے۔ سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال کے مطابق ایک صوبے کے انکار کے باعث اس شرط پر عمل درآمد ممکن نہیں ہو سکا، جبکہ حکومت نے یہ منظوری ایک ایسے حساس وقت میں دی ہے جب آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ پاکستان کی درخواست پر غور کرنے والا ہے۔