ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے:ٹرمپ

ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے:ٹرمپ

Nov 21, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ دنیا کو درپیش جوہری خطرات سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون ناگزیر ہے اور امریکا ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں سابق امریکی قیادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جارج بش نہیں ہیں اور ایران کو جوہری طاقت بننے سے ہر حال میں روکیں گے۔ اس سے قبل امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی یہ خدشہ ظاہر کر چکے ہیں کہ اگر ایران جوہری طاقت بن گیا تو وہ ان ہتھیاروں کا استعمال کرے گا، اس لیے اسے یہ صلاحیت حاصل کرنے سے روکنا انتہائی ضروری ہے۔عالمی جوہری طاقتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے پاس اس وقت تقریباً 4 ہزار جوہری ہتھیار موجود ہیں، روس دوسرے نمبر پر ہے جبکہ چین کے پاس تقریباً 600 جوہری ہتھیار ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ چین جس تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، اگلے 10 برسوں میں وہ جوہری ہتھیاروں کی تعداد کے لحاظ سے امریکا کے برابر آ سکتا ہے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کے پہلے دورِ صدارت کے دوران امریکی جوہری ذخائر کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا گیا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ نئے جوہری ہتھیار بھی تیار کیے گئے۔