عاصم منیر کا میران شاہ کا دورہ، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم

عاصم منیر کا میران شاہ کا دورہ، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم

Nov 20, 2026|ویب ڈیسک

راولپنڈی ( اباسین خبر)چیف آف ڈیفنس فورسز اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق میران شاہ پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سید عاصم منیر نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک کی سلامتی کے لیے قربانیاں دینے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔دورے کے دوران انہیں علاقے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، جاری خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیوں، انسداد دہشت گردی کے اقدامات اور حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بلند حوصلے کو سراہا اور ملکی دفاع و سلامتی کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کی بہادری اور قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کر رہی ہے اور اس کی استقامت و قربانیوں پر فخر ہے۔سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مشترکہ تعاون سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، جبکہ خیبر پختونخوا میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے سیکیورٹی اداروں کا عزم مضبوط ہے۔