سیف علی خان کو دوبارہ قتل کی دھمکی، بابا صدیق جیسا انجام کرنے کی وارننگ۔

سیف علی خان کو دوبارہ قتل کی دھمکی، بابا صدیق جیسا انجام کرنے کی وارننگ۔

Nov 20, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان کو ایک مرتبہ پھر جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد ان کی سکیورٹی سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ممبئی میں سیاست دان بابا صدیق کے قتل کیس میں نامزد ایک ملزم نے مبینہ طور پر اداکار کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔ممبئی پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ سیف علی خان کے موبائل فون پر صوتی پیغام موصول ہوا، جس میں پیغام بھیجنے والے نے اپنا نام ذیشان اختر ظاہر کرتے ہوئے اداکار کو خبردار کیا کہ ان کا انجام بھی بابا صدیق جیسا ہوگا۔رپورٹ کے مطابق پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا دھمکی واقعی ذیشان اختر نے دی ہے یا کسی دوسرے شخص نے اس کی شناخت استعمال کرکے اداکار کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کی ہے۔یاد رہے کہ سیف علی خان سے قبل بالی ووڈ اداکار تشار کپور اور آیوشمان کھرانہ کو بھی اسی نوعیت کی دھمکیاں موصول ہوچکی ہیں۔ان واقعات کی تحقیقات کے دوران ممبئی پولیس نے بنگلور سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ آئی آئی ٹی کے فارغ التحصیل ویبھو مشرا کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس کا کسی جرائم پیشہ گروہ سے تعلق نہیں تھا اور اس نے مبینہ طور پر مصنوعی ذہانت کی مدد سے دھمکی آمیز پیغامات تیار کیے تھے۔واضح رہے کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما اور سابق بھارتی وزیر بابا صدیق کو 12 اکتوبر 2024ء کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں ان کے بیٹے ذیشان صدیق کے دفتر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔