دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی فتح کے امکانات روشن، سری لنکا مشکلات کا شکار

دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی فتح کے امکانات روشن، سری لنکا مشکلات کا شکار

Nov 20, 2026|ویب ڈیسک

راولپنڈی ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز مہمان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنا لیے، جس کے بعد اسے پاکستان کے خلاف 82 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی، تاہم صرف ایک وکٹ باقی ہونے کے باعث قومی ٹیم کی فتح کے امکانات روشن دکھائی دینے لگے ہیں۔سری لنکا کی جانب سے سونال دینوشا 54 اور کوشال مینڈس 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ پسندو سوریا بندارا نے 38، دھننجایا ڈی سلوا نے 37، کمنڈو مینڈس نے 16، لاہیرو اودارا نے 7، لاہیرو کمارا نے 5 اور پرباتھ جے سوریا نے ایک رن بنایا۔ تیسرے روز کھیل کے اختتام پر ملن رتنائیکے 60 اور اسیتھا فرنینڈو 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عباس اور رضا اللہ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ثاقب خان اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پاکستان کی ٹیم سری لنکا کے پہلی اننگز کے 98 رنز کے جواب میں 325 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اسے 227 رنز کی بھاری برتری حاصل ہوئی تھی۔ قومی ٹیم کی جانب سے غازی غوری 54، اذان اویس 47، طیب عارف 46 اور رضا اللہ 42 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے 5 وکٹیں حاصل کیں، اسیتھا فرنینڈو نے 3 جبکہ ملن رتنائیکے اور پرباتھ جے سوریا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔