عاصم اظہر نے منگنی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی، مداحوں کو اہم یقین دہانی

عاصم اظہر نے منگنی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی، مداحوں کو اہم یقین دہانی

Nov 20, 2026|ویب ڈیسک

کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر نے اپنی منگنی اور شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر وضاحت جاری کرتے ہوئے مداحوں سے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے پریشان نہ ہوں، وہ خود سب کو آگاہ کریں گے۔عاصم اظہر کا شمار پاکستان کے مقبول گلوکاروں میں ہوتا ہے اور وہ اکثر اپنی شادی سے متعلق خبروں کے باعث ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز رہتے ہیں۔حال ہی میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر چند تصاویر وائرل ہوئیں، جن میں ایک دلہن سبز رنگ کے لباس میں دکھائی دی، جبکہ عاصم اظہر بھی شیروانی پہنے نظر آئے۔ان تصاویر میں اداکار یاسر حسین اور عاصم اظہر کو ایک ساتھ رقص کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ گلوکار نے کسی نجی تقریب میں منگنی یا نکاح کرلیا ہے۔تاہم عاصم اظہر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی کہانی میں مداحوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی شادی سے متعلق سب کو خود آگاہ کریں گے، اس لیے انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔مختلف ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق عاصم اظہر نے ایک موبائل فون کے اشتہار میں کام کیا ہے، جس کا تشہیری منظرنامہ جاری کیا گیا تھا۔ اس اشتہار میں شادی کی تقریب کا منظر دکھایا گیا، جس کے بعد ان کی جلد شادی کے حوالے سے قیاس آرائیوں نے جنم لیا۔