عالیہ بھٹ کی دپیکا پڈوکون کے 8 گھنٹے کام کے مطالبے کی حمایت

عالیہ بھٹ کی دپیکا پڈوکون کے 8 گھنٹے کام کے مطالبے کی حمایت

Nov 20, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے فلمی صنعت میں خواتین کو مرکزی کردار دینے کے اپنے فیصلے پر قائم رہنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلموں کی تجارتی ناکامی کے باوجود وہ خواتین پر مبنی کہانیوں کا انتخاب جاری رکھیں گی۔عالیہ بھٹ نے فلموں کی ناکامی پر مرد اور خواتین اداکاروں کے لیے الگ الگ پیمانے اپنائے جانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی مرد اداکار کی مرکزی کردار والی فلم ناکام ہو جائے تو کوئی یہ نہیں کہتا کہ مردوں پر مبنی فلمیں نہیں بننی چاہئیں، لہٰذا وہ بھی خواتین کو مرکزی کردار دینے والی فلموں سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔فلم ’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘ کی اداکارہ نے مختلف موضوعات پر کام کرنے اور ناکامی کا خطرہ مول لینے کے حوالے سے کہا کہ ایسے تجربات میں ناکامی کا امکان ضرور ہوتا ہے، تاہم کامیابی حاصل کرنے اور نئی بلندیوں تک پہنچنے کے مواقع بھی موجود ہوتے ہیں۔عالیہ بھٹ نے اپنی فلم ’الفا‘ کے انتخاب کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اگر کہانی مضبوط ہو اور ناظرین کے دلوں کو چھو لے تو اس بات کی اہمیت نہیں رہتی کہ مرکزی کردار مرد اداکار نبھا رہا ہے یا خاتون۔دوسری جانب عالیہ بھٹ نے فلمی صنعت میں کام کے اوقات 8 گھنٹے تک محدود کرنے کے مطالبے پر اداکارہ دپیکا پڈوکون کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکاروں اور فلمی عملے کو اپنے کام کے اوقات طے کرنے کا حق ملنا چاہیے اور انہیں اپنی حدود مقرر کرنے پر روزگار چھن جانے کا خوف نہیں ہونا چاہیے۔ایک انٹرویو میں عالیہ بھٹ نے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کے ساتھ کام کرنے والے فلم ساز ان کی ضروریات کا خیال رکھتے ہیں، تاہم فلمی صنعت میں کام کرنے کے طریقہ کار پر نئے سرے سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ان کے مطابق کام کے اوقات منصفانہ ہونے سے کارکردگی میں بہتری آتی ہے، جبکہ کسی بھی ملازم کو اپنی حدود طے کرنے کی وجہ سے ملازمت سے محرومی کا خدشہ نہیں ہونا چاہیے۔عالیہ بھٹ نے فلموں کی عکس بندی کے دوران صاف ستھرے بیت الخلا کی فراہمی کو بھی ہر فرد کا بنیادی حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت صرف مرکزی اداکاروں یا سینئر عملے تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ فلمی منصوبے سے وابستہ ہر شخص کو دستیاب ہونی چاہیے۔