خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 22 دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 22 دہشت گرد ہلاک

Nov 20, 2026|ویب ڈیسک

پشاور ( اباسین خبر) خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائیوں کے دوران بارودی مواد تیار کرنے کی ایک خفیہ تنصیب بھی تباہ کردی گئی، جہاں سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد، دیسی ساختہ بم، بغیر پائلٹ طیارے اور متعلقہ لٹریچر برآمد ہوا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 16 اور 17 نومبر کو صوبے کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشنز کیے گئے۔ جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 15 خوارج مارے گئے، جبکہ بارودی مواد تیار کرنے کا ایک بڑا ٹھکانہ تباہ کردیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں نے رہائشی مکانات میں دھماکا خیز مواد تیار کرنے کی خفیہ تجربہ گاہ قائم کر رکھی تھی، جسے سکیورٹی فورسز نے بے نقاب کیا۔ وہاں سے بڑی تعداد میں دیسی ساختہ بم، کواڈ کاپٹرز اور دھماکا خیز مواد کی تیاری سے متعلق لٹریچر بھی برآمد کیا گیا۔ میرعلی سے بغیر پائلٹ طیاروں اور بارودی مواد کی برآمدگی دہشت گردوں کے سرحد پار روابط کی نشاندہی کرتی ہے۔ضلع بنوں میں 2 مختلف جھڑپوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر 6 خوارج کو ہلاک کردیا، جبکہ ضلع ٹانک میں ایک اور مقابلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔ ہلاک ہونے والوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے، جبکہ دیگر شرپسند عناصر کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے لیے پرعزم ہیں۔ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔