کراچی(ا پنے رپورٹر سے)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں زرعی برآمدات میں اضافے کے وسیع مواقع موجود ہیں، جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق و ترقی کے ذریعے برآمدات میں اضافہ ممکن ہے،حکومت پاکستان کاشتکاروں اور برآمد کنندگان کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ، وفاق اور صوبوں کو مل کر زرعی شعبے کی ترقی پر توجہ دینی ہے، آئندہ سال کے لیے زرعی برآمدات کا ہدف 7 ارب ڈالر ہونا چاہیے،ہر سال ایک ہزار گریجویٹس کو زرعی تربیت کے لیے چین بھجوایا جائے گا،ارشد ندیم نے اولمپکس میں طلائی تمغہ جیت کر ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا، وطن واپسی پر ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں دوسری بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ،وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر صنعت وپیداوار رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر جہازرانی و بندرگاہیں قیصر احمد شیخ اور وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کے آغاز میں ارشدندیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ہیرو ارشد ندیم کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں، 40 سال بعد پاکستان نے طلائی تمغہ حاصل کیا ہے، یہ ہمارے لیے ایک انتہائی اہم لمحہ اور بڑا اعزاز ہے،ارشد ندیم نے طلائی تمغہ حاصل کر کے پاکستان کے لیے بہت تاریخی کارنامہ سرانجام دیا ہے اور ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ہمیں اب کرکٹ اور ہاکی سمیت دیگر کھیلوں میں بھی کامیابی حاصل کرنی ہیں، ارشد ندیم کی کامیابی پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں۔ان کی کامیابی سے ہمیں ایک امید اور حوصلہ ملا ہے ، زندگی چیلنجوں سے بھرپور ہے لیکن اگر ہم ہمت کریں تو کچھ بھی ناممکن نہیں۔ارشد ندیم کا پاکستان آمد پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔
جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق و ترقی کے ذریعے برآمدات میں اضافہ ممکن ہے،وزیر اعظم
48