عوام کے پاس کھانے کیلئے دو وقت کی روٹی نہیں ،ملک کے مسائل کا حل صرف اڈیالہ جیل کے قیدی 804کے پاس ہے
جمہور کی آواز کو سننا پڑے گا ،سب سے مقبول جماعت پر پابندی لگا دیں یہ کوئی حل نہیں ‘عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو
پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ میری پاکستان کے تمام مقتدر حلقوں ،سپریم کورٹ اور اداروں سے اپیل ہے کہ پاکستان اس وقت استحکام کیلئے بلک رہا ہے ، پاکستان کے کروڑوں عوام کے پاس کھانے کیلئے دو وقت کی روٹی نہیں اور ہم دن بدن تنزلی کا شکار ہیں،ملک کے مسائل کا حل صرف اڈیالہ جیل کے قیدی 804کے پاس ہے ۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اب تک تو سب کی اناء کو کافی تسکین پہنچ چکی ہے ،دو سال سے قوم کو رگڑا لگ چکا ہے ،اپیل ہے ملک کے لئے ڈائیلا گ کریں ، ملک کو چلانا ہے تو اس کے لئے قانون کی حکمرانی اورآئین کی بالادستی پر عمل پیرا ہونا ہوگا ،آئین کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے جس جس کا جو کردار ہے سب مل کر بیٹھیں تاکہ ملک آگے چل سکے ۔انہوں نے کہا کہ ہم جتنا عمران خان کو جانتے ہیں وہ پاکستان کی خاطر سب کچھ بھلا دیں گے ، ان کا ایک صرف ایک ہی مطالبہ ہے ان کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے ، عمران خان کا ایک ہی نظریہ ہے کہ پاکستان میں بہتری کیسے آئے گی ،پاکستان کو کیسے حقیقی آزادی دلائی جائے ،قانون کی حکمرانی کو کیسے یقینی بنایا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان میں استحکام کے لئے ضروری ہے کہ جمہور کی آواز کو سننا پڑے گا نہ کہ اس آواز کو مزید شدت سے بند کریں ،یہ کوئی حل نہیں کہ سب سے مقبول پارٹی پر پابندی لگا دیں ،عوام کی سپورٹ تو وہیں کی وہیں موجود رہے گی ، یہ آصف زرداری ، شہباز شریف یا مریم نواز شریف کو تو نہیں ملے گی بلکہ اس سے عوام کا غم و غصے مزید بڑھے گا ،عوام کو چیلنج کر کے یہاں تک حالات پہنچائے گئے ہیں ،پی ٹی آئی تو ایک طرف ہے ،آج عوام بمقابلہ ملک کے اسٹیک ہولڈرز ہیں،جو حالات پیدا کئے جارہے ہیں یہ ہرگز دانشمندانہ نہیں ،اجتماعی شعور کا مظاہرہ کریں ،پابندیاں اور فسطائیت مسائل کا حل نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان دنیا میں تماشہ بن گیا ہے جبکہ ملک میں بھوک اور افلاس کا ناچ ہے ،پوری قوم دعا کرے اللہ تعالیٰ حکمرانوں کو وہ آنکھ دے جو ان کو عوام کی مشکلات دکھائے ۔انہوں نے کہا کہ آج جو جماعتیں بر سر اقتدار ہیں سب نے تین سو ،تین سویونٹ مفت دینے کی بولی لگائی تھی ، بلاول بھٹو نے تین سو ،مسلم لیگ (ن) نے تین سو اورجو ایک نئی جماعت بنی تھی اس نے بھی تین سو یونٹ دینے کی بات کی تھی یہ تو بارہ سو یونٹ بن جاتے ہیں۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ملک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اناء کو ایک طرف رکھنا ہوگا ،ملک کے مسائل کا حل اڈیالہ جیل کے اندر ہے اور وہ قیدی 804کے پاس ہے ،آپ بات کریں سارے مسئلے حل ہو جائیں گے،ملک جس دلدل میں ہیں اس سے باہر نکل آئے گا
مقتدر حلقوں ،سپریم کورٹ ،اداروں سے اپیل ہے پاکستان اس وقت استحکام کیلئے بلک رہا ہے’ مسرت جمشید چیمہ
51