لاہور( سپورٹس ڈیسک)بھارتی ذرائع ابلاغ نے پاکستان کی میزبانی میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے اخراجات کی رپورٹ شائع کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچنے کا دعوی کیا ہے۔رپورٹس کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس ایونٹ کی میزبانی کے دوران 869 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، جس کے بعد بورڈ نے مالی خسارے کی تلافی کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔ ان اقدامات میں کھلاڑیوں کی میچ فیس میں کٹوتی اور 5 اسٹار ہوٹلوں کی سہولت ختم کرنا شامل ہیں۔این ڈی ٹی وی کے مطابق، پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے دوران اپنی سرمایہ کاری پر 85 فیصد کا نقصان برداشت کیا ہے، جس کی وجہ سے بورڈ کے مالی حالات مزید خراب ہوگئے ہیں۔ پاکستان نے اس ٹورنامنٹ کے دوران صرف ایک میچ اپنے ہوم گرانڈ پر کھیلا، جبکہ باقی میچز بیرون ملک منعقد ہوئے۔رپورٹ کے مطابق، پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے تین میزبان شہروں راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن پر 18 ارب پاکستانی روپے (تقریبا 58 ملین ڈالر) خرچ کیے، جو کہ ابتدائی بجٹ سے 50 فیصد زیادہ تھے۔ اس کے علاوہ، ایونٹ کی تیاریوں پر 40 ملین ڈالر کی اضافی رقم خرچ کی گئی، مگر میزبانی فیس کے طور پر پی سی بی کو صرف 6 ملین ڈالر واپس ملے، اور ٹکٹ فروخت یا اسپانسرشپ سے حاصل ہونے والی آمدنی نہ ہونے کے برابر تھی۔اس نقصان کے بعد پی سی بی نے نیشنل ٹی 20 چیمپئن شپ کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں 90 فیصد کمی کی ہے، جبکہ ریزرو کھلاڑیوں کی فیس میں 87.5 فیصد کی کٹوتی کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، کھلاڑیوں کے لیے 5 اسٹار ہوٹلوں کی سہولت ختم کر دی گئی اور اب انہیں اکانومی ہوٹلوں میں رکھا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے اس صورتحال پر فوری اقدامات کرنے کا وعدہ کیا ہے، تاکہ بورڈ کے مالی خسارے کو کم کیا جا سکے اور کھلاڑیوں کے مستقبل پر اس کے اثرات کو محدود کیا جا سکے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کو چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پر 869 کروڑ روپے کا نقصان، بھارتی میڈیا کا دعوی
2