کراچی( اباسین خبر)سندھ ہائی کورٹ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کے لیے ایک پورٹل بنائے، جہاں لوگ اپنے شناختی کارڈ اور ایڈریس کے ذریعے شکایات درج کر سکیں۔عدالت میں تعمیراتی قوانین سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل اسحاق کھوڑو پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ایس او پیز کے تحت تعمیراتی خلاف ورزیوں کی شکایات کا ازالہ 7 سے 15 دنوں میں کیا جائے گا۔عدالت نے کہا کہ ڈرافٹ میں شکایات کے ازالے کی حتمی مدت کا تعین نہیں کیا گیا تھا، اس لیے ڈی جی ایس بی سی اے کو 19 مارچ کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا۔جسٹس کے کے آغا نے کہا کہ ایس بی سی اے کی جانب سے مثر اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے عدالتوں میں مقدمات کا انبار لگ رہا ہے۔ ایس بی سی اے نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ شکایات کا جائزہ خود لیا جائے گا اور کارروائی کی جائے گی۔عدالت نے مزید کہا کہ عمارت مکمل ہونے سے پہلے کارروائی کی جانی چاہیے کیونکہ مکمل عمارتوں میں کارروائی مشکل ہو جاتی ہے۔ عدالت نے ایس بی سی اے کو غیر قانونی تعمیرات کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت کی اور شہر کے انفرااسٹرکچر پر غیر قانونی تعمیرات کے اثرات پر بھی تشویش ظاہر کی۔عدالت نے یہ بھی کہا کہ ایس بی سی اے کو قانون کے مطابق تمام عمارتوں کی تعمیر کو یقینی بنانا ہوگا، اور اس سلسلے میں اسے پورٹل تیار کرنا چاہیے تاکہ عوام شکایات کا اندراج کر سکیں۔
سندھ ہائی کورٹ کی ایس بی سی اے کو شکایات کے لیے آن لائن پورٹل بنانے کی ہدایت
5