لاہور( اباسین خبر) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ دشمن پاکستان کا دفاعی نظام مفلوج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم پاکستان کسی صورت دہشت گردوں کے آگے نہیں جھکے گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے پولیس کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس میں واضح بہتری نظر آئے گی۔ جعفر ایکسپریس کے حادثے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں سوچنا ہوگا کہ دوبارہ دہشت گردی کیوں سر اٹھاتی ہے اور اس کے لیے ہمسایہ ملک افغانستان کی سرزمین استعمال ہو رہی ہے۔حنیف عباسی نے کہا کہ ہر جعفر ایکسپریس کے شہید کے خاندان کو 52 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی اور دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سی پیک کے حوالے سے عالمی سازشیں کی جا رہی ہیں اور پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کو بڑھاوا دیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کامیاب آپریشن پر فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور بتایا کہ ریلوے پولیس کا سکیل پنجاب پولیس کے برابر کردیا گیا ہے۔
کامیاب آپریشن پر فوج کو خراج تحسین، وفاقی وزیر ریلوے کا شہدا ء کی فیملیوں کی مالی مدد کااعلان
4