کوئٹہ ( اباسین خبر)پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی قومی ترقی کے اہداف کے حصول میں ایک بڑی رکاوٹ بن چکی ہے، اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ بات پاپولیشن کونسل کے زیرِ اہتمام یو این ایف پی اے کی معاونت سے ہونے والی قومی میڈیا کولیشن میٹنگ میں زیرِ بحث آئی۔پاکستان بھر سے معروف میڈیا اداروں کے صحافیوں نے اس میٹنگ میں شرکت کی، جس میں میڈیا کی طاقت کو آبادی اور وسائل میں توازن لانے جیسے اہم قومی مسئلے کے حل کے لیے استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ پاپولیشن کونسل کے سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر علی میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی معاشی استحکام، وسائل کی تقسیم، اور ملک کے ترقیاتی اہداف کو پورا کرنے کی صلاحیت کو خطرے میں ڈال رہی ہے، اور اس کے حل کے لیے اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ “میڈیا کی طاقت سے عوامی سطح پر آگاہی پیدا کرنے اور پالیسی سازی میں بہتری لانے کے ذریعے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔” اس موقع پر پاپولیشن کونسل کے ڈپٹی مینیجر کمیونیکیشن، اکرام الاحد نے بھی میڈیا کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر میڈیا نے مثبت سماجی تبدیلیوں میں اہم کردار ادا کیا ہے اور پاکستان میں بھی اس کا استعمال تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی جیسے مسائل کے حل کے لیے کیا جا سکتا ہے۔میٹنگ میں اسٹریٹجک پلان پر بھی بات کی گئی جس میں میڈیا کوریج کے لیے اہم شعبوں کی نشاندہی کی گئی، جیسے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات، خواتین کی تعلیم اور ان کے بااختیار بنانے، اور سماجی تحفظ کے نیٹ ورکس میں خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کی شمولیت۔روزنامہ ڈان کے سینئر رپورٹر اکرام جنیدی نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی سے متعلق مسائل کی رپورٹنگ میں صحافیوں کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی اور ان پر قابو پانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ “صحافیوں کو ادارتی ترجیحات اور سیاسی حساسیت کو مدنظر رکھنا پڑتا ہے، لیکن تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی جیسے اہم سماجی مسائل کو اجاگر کرنے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔”صحافیوں نے اس میٹنگ میں اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آبادی کی رفتار کو پائیدار سطح پر لانے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔
بڑھتی ہوئی آبادی قومی ترقی کے اہداف کے حصول میں بڑی رکاوٹ بن چکی ، میڈیا کا فعال کردارناگزیرہے: پاپولیشن کونسل
6