قاہرہ( مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جاری جنگ کا خاتمہ پوری دنیا کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قاہرہ میں عرب لیگ کے غیر معمولی سربراہی اجلاس میں کیا، جو آج سے شروع ہوا۔ گوتیرس نے مزید کہا کہ کسی حملے پر حق دفاع کا مطلب اس پوری قوم پر جنگ مسلط کرنا نہیں ہوتا، اور 7 اکتوبر کو ہونے والے حملوں کا خمیازہ فلسطینی عوام بھگت رہے ہیں۔انتونیو گوتیرس نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اسرائیل کے تمام یرغمالیوں کی غزہ سے بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جائے۔امریکی صدر کے تعمیر نو کے منصوبے کا نام لیے بغیر، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ غزہ میں تعمیر نو تب ہی ممکن ہے جب وہاں ایک مضبوط سیاسی ڈھانچہ موجود ہو۔گوتیرس نے مزید کہا کہ غزہ کو فلسطینی ریاست کا حصہ ہونا چاہیے اور فلسطینی اتھارٹی کو غزہ میں انتظامی ڈھانچے میں حصہ دار بننا چاہیے۔انہوں نے ایک بار پھر اپنی بات دہرائی کہ غزہ میں موجودہ کشیدہ صورتحال کا واحد حل دو ریاستوں کا قیام ہے۔
غزہ سے جنگ کا مستقل خاتمہ تمام دنیا کی مشترکہ ذمہ داری ہے؛ اقوام متحدہ
4