لاہور( اباسین خبر)پنجاب میں چیف منسٹر پلانٹ فار پاکستان انیشیٹو کے تحت وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت 48,368 ایکڑ رقبے پر درخت لگائے جائیں گے۔پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کے مشن کے تحت 42.5 ملین پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مالی سال 25-2024 میں 8,496 ایکڑ رقبے پر 7.361 ملین درخت لگانے کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے۔اس مہم کے لیے رواں مالی سال میں 1,800 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں سے اب تک 1,085 ملین روپے خرچ کیے جا چکے ہیں جو کل بجٹ کا 60 فیصد بنتا ہے۔مریم اورنگزیب نے مزید بتایا کہ موسم بہار کے دوران 6,637 ایکڑ زمین پر 5.966 ملین درخت لگانے کا منصوبہ ہے، جس میں لاہور، قصور، گوجرانوالہ، گجرات، مری، راولپنڈی، سرگودھا، مظفر گڑھ سمیت 300 سے زائد مقامات شامل ہیں۔اس مہم میں سوہانجنا، چیڑ، نیم، کیکر، شیشم، سرس، بکائن، سمل، ارجن اور مختلف پھل دار درخت شامل ہیں جو فضائی آلودگی میں کمی کے علاوہ ماحولیاتی خوبصورتی میں بھی اضافہ کریں گے۔منصوبہ مجموعی طور پر 8,000 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا جس کے تحت جنگلات، بیلا جات، نہروں کے کنارے، سڑکوں کے اطراف، پوٹھوہار کے پہاڑی علاقے، مری اور صحرائی خطوں کو سرسبز بنانے پر کام جاری ہے۔ اب تک 4,000 ایکڑ رقبے پر 2.73 ملین پودے لگائے جا چکے ہیں، اور منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کے لیے اہم ہیں بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک سرسبز اور صحت مند پنجاب کی بنیاد بھی رکھیں گے۔
پنجاب میں چیف منسٹر پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت شجرکاری کا آغاز
1