رباط( مانیٹرنگ ڈیسک)مراکش میں رمضان المبارک کے دوران قیمتوں میں اضافے پر احتجاجا بنیادی اشیا خورونوش کے بائیکاٹ کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق، عوام نے قیمتوں میں حیران کن اضافے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مچھلی، انڈے، گوشت اور سبزیوں جیسی بنیادی اشیا کا بائیکاٹ کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر مہم شروع کر دی ہے۔مراکش میں سوشل میڈیا سائٹس پر اچانک متعدد صفحات سامنے آئے، جن میں صارفین کو رمضان المبارک کے مہینے میں مختلف مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی گئی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ان صفحات نے تیزی سے مقبولیت حاصل کی اور وسیع پیمانے پر گردش کی۔ اس مہم نے لوگوں کو مہنگائی پر اپنے عدم اطمینان اور حکومت کی خاموشی پر اپنے غصے کا اظہار کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔گزشتہ روز “مول الشکار” کے نام سے ایک پیج نے فیس بک پر اپیل کی کہ تمام پیجز متحد ہو کر مراکش کی تاریخ کی سب سے بڑی بائیکاٹ مہم شروع کریں، جو رمضان کے پہلے دن سے شروع ہوگی۔ اس اپیل نے 24 گھنٹوں کے اندر سوشل میڈیا پر بہت بڑی مقبولیت حاصل کی۔تبصرہ نگاروں نے اس مہم میں اپنی مکمل شمولیت کا عزم ظاہر کیا، اور ایک کارکن کا وڈیو کلپ جس میں شہریوں کو متعدد مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی گئی تھی، ایک دن کے اندر 20 لاکھ 60 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔
رمضان المبارک: مراکش میں مہنگی اشیاء خورونوش کی بائیکاٹ کی مہم شروع
1