لاہور( اباسین خبر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے اقتدار میں آنے سے ملک میں ترقی ہوتی ہے اور اللہ کرے کہ ہم ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے لاہور ڈویژن کے ارکان پنجاب اسمبلی کی ملاقات ہوئی، جس میں عوامی فلاحی منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔ نواز شریف نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر 1990 کا ترقیاتی سفر جاری رہتا تو پاکستان آج کہیں آگے ہوتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی میں کمی سے عوام کو سکون ملا ہے اور پالیسی ریٹ میں کمی معاشی بہتری کی نشانی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کرے ہم ایک بار پھر ترقی کی راہ پر قدم بڑھا سکیں، اور وزیراعظم شہباز شریف کی محنت سے پنجاب اور لاہور میں عوام میں خوشی اور اطمینان نظر آ رہا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو گڑھے میں گرنے سے بچا لیا، اور ہم عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کا نام عوام کی خدمت کی روشن مثال بن چکا ہے، اور ان کی رہنمائی میں ملک کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ ارکان اسمبلی نے بھی مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ملک کی ترقی، شفافیت اور معیار کو سراہا، اور ای ٹینڈرنگ سمیت دیگر اصلاحات کو بے مثال قرار دیا۔اس ملاقات میں سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب اور دیگر بھی شریک تھے۔
ن لیگ کے آنے سے ملک میں ترقی آتی، اللہ کرے ہم پھر ٹیک آف کر سکیں: نواز شریف
8