کو ئٹہ ( اباسین خبر)پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان کے علاقے گڈانی اور سپر ہائی وے روڈ چیک پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے غیر ملکی شراب کی بھاری مقدار ضبط کرلی۔ یہ کارروائیاں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔گڈانی کے نزدیک سمندر کے راستے اسمگل کی جانے والی 1973 بوتلیں اعلی کوالٹی کی غیر ملکی شراب ضبط کی گئیں۔ ایک اور کارروائی کے دوران، سپر ہائی وے روڈ چیک پر مسافر کوچ کے ذریعے اسمگل کی جانے والی 102 بوتلیں برآمد کی گئیں۔یہ شراب اندرونِ ملک اسمگل کی جا رہی تھی اور اس کی عالمی مارکیٹ میں قیمت تقریبا 63 ہزار امریکی ڈالر (تقریبا 70 لاکھ پاکستانی روپے) کے قریب ہے۔پاکستان کوسٹ گارڈز نے پکڑی جانے والی شراب کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کے ڈائریکٹر جنرل نے کارروائیوں میں شامل افسران اور جوانوں کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی محنت کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
بلوچستان: بھاری مقدار میں اعلیٰ کوالٹی کی غیر ملکی شراب پکڑی گئی
2