سرگودھا( اباسین خبر)اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر قدغن لگا رہی ہے اور پیکا ایکٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔سرگودھا میں عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان میں آزادی صحافت اور آزادی رائے کا معاملہ ختم ہو چکا ہے، میڈیا نمائندگان نہ تو کھل کر لکھ سکتے ہیں اور نہ ہی آزادانہ بات کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیکا ایکٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں اور عوام و میڈیا نمائندگان کے ساتھ کھڑے ہیں۔عمر ایوب نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کا امریکا میں اقتدار کی تبدیلی سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی کوئی امید ہے۔ پیپلز پارٹی کے بارے میں کہا کہ وہ سندھ کے لوگوں کی لاشوں کا سودا کر کے پانی کی تقسیم پر راضی ہو جائے گی۔عمر ایوب نے کہا کہ موجودہ سیاسی بحران کے ذمہ دار سکندر سلطان راجہ ہیں، اور ہم عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں لیکن ہمیں نہیں معلوم کہ ہمارا قصور کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی بنانے کے لیے ان کے خط کا ابھی تک وزیراعظم کی طرف سے جواب نہیں آیا، اور یہ معاملہ لٹکایا جا رہا ہے، لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 8 فروری کو صوابی میں بھرپور جلسہ ہوگا۔
حکومت آزادئ رائے پر قدغن لگا رہی، پیکا ایکٹ مسترد کرتے ہیں: عمر ایوب
2