لاہور( اباسین خبر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کی وفاداری کام نہیں آئی اور بشری بی بی کی شکایتوں پر انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان نے علی امین گنڈا پور کو صوبائی صدارت سے ہٹا کر ان کی وفاداری کا انعام وفاقی اکائیوں کو کمزور کرنے کی شکل میں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک صوبے کے وزیراعلی کو دوسرے صوبے پر چڑھائی کرنے کا حکم دے کر استعمال کیا اور پھر فارغ کر دیا۔مریم اورنگزیب نے عمران خان کی فطرت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ذاتی مقاصد کے لیے دوستوں اور کارکنوں کو استعمال کر کے پھر انہیں چھوڑ دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علی امین گنڈا پور کی وفاداری بشری بی بی کی شکایتوں کے سامنے بے اثر ہو گئی، جس پر انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔مریم اورنگزیب نے عمران خان کی احسان فراموشی کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ جس نے جتنی قربانی دی، عمران خان نے اتنی ہی بڑی احسان فراموشی کی۔ انہوں نے اکبر بابر، جسٹس وجیہہ، نعیم الحق، جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان کی مثالیں دی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے 9 مئی اور 26 نومبر کے دوران نوجوانوں کو استعمال کیا اور پھر انہیں اکیلا چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی فطرت آج بھی نہیں بدلی اور کسی کو بھی ملک کے خلاف سازشوں کا حصہ بننے سے پہلے سوچنا چاہیے کہ وہ کیا کر رہے ہیں، کیونکہ بہت دیر ہو چکی ہے جیسے آج علی امین گنڈا پور سوچ رہے ہیں۔
وفا داری کام نہ آئی بشریٰ بی بی کی شکایتوں پرعلی امین کو ہٹا دیا گیا، مریم اورنگزیب
13