پشاور( اباسین خبر)وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے وفاق کی جانب سے تشکیل دی گئی سٹیئرنگ کمیٹی پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔خط میں وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ 25 ویں آئینی ترمیم کے تحت فاٹا کے اضلاع خیبرپختونخوا میں ضم ہوئے ہیں، اور آئین کے مطابق ان ضم شدہ اضلاع کے تمام انتظامی اختیارات خیبرپختونخوا حکومت کے پاس ہیں۔انہوں نے وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کو آئین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے صوبائی حکومت کے اختیارات کی نفی ہو رہی ہے۔ وزیر اعلی نے وفاق سے مطالبہ کیا کہ وہ اس متنازعہ کمیٹی کا نوٹیفکیشن واپس لے۔علی امین گنڈاپور نے خط میں وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے فنڈز کا بھی تفصیلی ذکر کیا اور کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو صوبائی حکومت اپنے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے عدالت سے رجوع کرے گی۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا وزیر اعظم کو خط، سٹیئرنگ کمیٹی پر تحفظات کا اظہار
3