اسلام آباد( اباسین خبر)ایڈیشنل رجسٹرار کے خلاف توہینِ عدالت کیس میں جسٹس منصور علی شاہ نے ججز کمیٹی کو خط لکھ دیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق، جسٹس منصور علی شاہ نے انٹرا کورٹ اپیل کے بینچ پر اعتراض کرتے ہوئے ججز کمیٹی کو خط لکھا، جس میں انہوں نے جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس محمد علی مظہر کی شمولیت پر اعتراض کیا۔جسٹس منصور نے اپنے خط میں کہا کہ 23 نومبر کو جوڈیشل کمیشن اجلاس میں تجویز دی گئی تھی کہ سنیارٹی کے اعتبار سے 5 رکنی بینچ انٹراکورٹ اپیل پر بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی اعتراض کیا کہ بینچ میں کمیٹی کے ارکان کو شامل نہ کیا جائے، لیکن چیف جسٹس نے 4 رکنی بینچ بنانے کی تجویز دی تھی۔جسٹس منصور نے مزید لکھا کہ رات 9:33 پر ان کے سیکرٹری نے واٹس ایپ میسج کے ذریعے 6 رکنی بینچ کی منظوری کے بارے میں پوچھا، جس پر انہوں نے کہا کہ انہیں اعتراض ہے اور وہ صبح جواب دیں گے۔ تاہم، رات 10:28 پر سیکرٹری نے بتایا کہ 6 رکنی بینچ بن گیا ہے اور روسٹر جاری کر دیا گیا۔خط میں جسٹس منصور نے واضح کیا کہ ان کا اعتراض بینچ پر 2 ممبران تک محدود ہے اور یہ کہ کمیٹیوں میں شامل ججز اپنے کیے گئے فیصلے پر خود جج نہیں بن سکتے۔ انہوں نے درخواست کی کہ ان کے اعتراضات کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔
ایڈیشنل رجسٹرار کیخلاف توہینِ عدالت کیس؛ جسٹس منصور کا بینچ کے 2 ججز پر اعتراض
3