اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے ورلڈ بینک کو ڈسٹری بیوشن لیول ٹرانسفارمرز پر سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے لئے فنڈز اور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔سردار اویس لغاری سے ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن ریزر نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک بھی شریک تھے۔وزیر توانائی نے بتایا کہ سمارٹ میٹرز کو گھریلو اور گرڈ سطح پر نصب کیا جا رہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ چکے ہیں، لیکن اگر ٹرانسفارمرز پر سمارٹ میٹرز نصب نہ کیے گئے تو منصفانہ لوڈ مینجمنٹ ممکن نہیں ہو سکے گی۔انہوں نے ورلڈ بینک کو لیسکو اور میپکو میں سمارٹ میٹرنگ کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سرمایہ کاری کی دعوت دی، اور آگاہ کیا کہ یہ ڈسٹری بیوشن کمپنیاں جلد نجکاری کے عمل میں شامل ہوں گی۔ورلڈ بینک کے نائب صدر نے پاور ڈویژن کی اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے فنڈز کے بروقت استعمال کی اہمیت پر زور دیا اور ٹرانسفارمر لیول پر سمارٹ میٹرز کی تنصیب کی حمایت کی۔ملاقات میں دونوں اداروں نے پاور سیکٹر میں مزید تعاون اور تکنیکی سطح پر تبادلہ خیال بڑھانے پر اتفاق کیا تاکہ مثر پالیسی سازی ممکن ہو سکے۔
وفاقی وزیر توانائی کی سمارٹ میٹرز کی تنصیب کیلئے ورلڈ بینک کو سرمایہ کاری کی دعوت
3