کوئٹہ ( اباسین خبر)ڈی جی لیویز عبدالغفار مگسی نے کہا ہے کہ لیویز فورس میں بھرتیوں میں میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بدعنوانی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے اور لیویز فورس تمام چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔عبدالغفار مگسی نے مزید کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان کے وژن کے مطابق بھرتیاں صرف میرٹ کی بنیاد پر ہوں گی اور ان کا عمل شفاف بنانے کے لیے تمام تر کوششیں کی جائیں گی۔ بدعنوانی کے خاتمے سے قابل امیدواروں کے لیے فورس میں شمولیت کے دروازے کھلیں گے۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان لیویز کے ڈائریکٹوریٹ میں کمپلینٹ سیل قائم کیا جا رہا ہے، جو بے ضابطگیوں کے بارے میں شکایات وصول کرے گا اور کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے گا۔ڈی جی لیویز نے یہ بھی کہا کہ لیویز فورس کے اہلکاروں کے پروموشن میں تاخیر سے ان کے حوصلے متاثر ہو رہے ہیں، جسے جلد ہی قابل غور فورم پر زیر غور لایا جائے گا۔لیویز ایکٹ کے مسودے پر عمل درآمد اور قانون سازی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور حکومت بلوچستان نے اسپیشل سیکرٹری ہوم کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو موجودہ آپریشنل صلاحیتوں کا جائزہ لے گی۔عبدالغفار مگسی نے مزید کہا کہ لیویز فورس کی استعداد کار میں اضافے کے لیے خصوصی تربیتی ماڈیول تیار کیے جائیں گے، اور خصوصی ونگز کے اہلکاروں کو پاک فوج اور ایف سی کے ذریعے تربیت فراہم کی جائے گی۔ لیویز فورس کو جدید مواصلاتی آلات سے لیس کیا جائے گا اور صوبائی لیویز کنٹرول روم کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ، فورس کے لاجسٹک مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام ضروری سامان فراہم کیا جائے گا۔
لیویز بھرتیوں میں میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، عبدالغفار مگسی
1