کوئٹہ ( اباسین خبر)نیشنل ہائی وے اتھارٹی بلوچستان نارتھ کے جنرل منیجر آغا عنایت اللہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں برفباری اور بارشوں کا سلسلہ 20 جنوری تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا مقصد عوام کو کسی قسم کی تکلیف سے بچانا ہے، اور برفباری شروع ہوتے ہی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے لئے عملہ فوری طور پر کام شروع کر دے گا۔آغا عنایت اللہ نے ہفتہ کو اپنے دفتر میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں برفباری کے دوران مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، جس کے پیش نظر نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے مختلف مقامات پر ریسکیو کیمپس قائم کر رکھے ہیں۔ یہ کیمپس برفباری کے بعد سڑکوں پر ٹریفک کی بحالی کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کوژک ٹاپ، قلات سے چمن تک، این 50 کچلاک سے دانہ سر تک، کچلاک سے کان مہتر زئی، این 65 سبی، ڈیرہ اللہ یار، مچھ اور کولپور تک زیادہ برفباری ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں، نیشنل ہائی وے کے لکپاس سے نوشکی اور دالبندین روٹس پر بھی ریسکیو کیمپس قائم ہیں۔آغا عنایت اللہ نے مزید کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا سٹاف موٹر وے پولیس کے ہمراہ موجود ہوتا ہے، اور ڈسٹرک مینجمنٹ بھی ٹریفک کنٹرول میں مدد فراہم کرتی ہے۔ سڑکوں پر نمک پاشی بھی کی جاتی ہے تاکہ برف جمنے سے ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، ساتھ ہی نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کریں۔
بلو چستان کے مختلف اضلاع میں برفباری ،مختلف مقامات پر ریسکیو کیمپس قائم کردئے ہیں،این ایچ اے
1