اسلام آباد( اباسین خبر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 190 ملین پاونڈز (القادر ٹرسٹ کیس) کے فیصلے کو اگلے 48 گھنٹوں میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے، جس میں کیس کے فیصلے کے بعد سیاسی اور قانونی آپشنز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ سنانے والے جج کے کنڈکٹ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم نے بریفنگ دی کہ فیصلے میں قانونی سقم موجود ہیں اور اس فیصلے کے خلاف اپیل کی جائے گی۔کور کمیٹی کے ارکان نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات پر بھی گفتگو کی۔ ارکان نے مطالبہ کیا کہ کور کمیٹی کا اجلاس ہر ہفتے بلایا جائے تاکہ اہم معلومات میڈیا کے ذریعے نہ آئیں۔ ارکان نے حکومت کے مذاکرات سے گریز کرنے کے رویے کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو یہ توقع تھی کہ بانی تحریک انصاف مذاکرات کی میز پر نہیں آئیں گے۔عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہے اور حکومتی مطالبے پر اپنے مطالبات تحریری طور پر پیش کر چکے ہیں۔عالیہ حمزہ نے بانی تحریک انصاف کے سزا کے فیصلے کے بعد احتجاج نہ کرنے پر تنقید کی اور کہا کہ پارٹی نے فیصلے کے خلاف کوئی احتجاج کیوں نہیں کیا۔ ارکان نے کہا کہ 8 فروری کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔وزیراعلی خیبرپختونخوا گنڈا پور سے مشاورت کے بعد پارٹی سطح پر احتجاج کے انتظامات کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔
پی ٹی آئی کا 190 ملین پاونڈز کیس کا فیصلہ اگلے 48گھنٹوں میں چیلنج کرنے کا فیصلہ
1