کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کا پہلا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ (ای او-1) آج خلا میں روانہ ہوگا۔ یہ سیٹلائٹ پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو کی جانب سے تیار کیا گیا ہے اور اسے چین کے جی چھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا جائے گا۔لانچنگ کی تقریب سپارکو کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوگی، جہاں پاکستانی عوام براہ راست سیٹلائٹ کو خلا میں بھیجے جانے کے مناظر دیکھ سکیں گے۔ ای او-1 ایک جدید سیٹلائٹ ہے، جو ماحولیاتی نگرانی، زراعت، دفاع اور نگرانی سمیت مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔سپارکو کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ای او-1 مشن پاکستان کی اسپیس سائنس اور اختراعات میں تکنیکی صلاحیتوں کو بڑھانے میں سپارکو کی مہارت اور لگن کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ مقامی طور پر تیار کردہ سیٹلائٹ پاکستان کے خلائی ٹیکنالوجی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔اس سے قبل مئی 2024 میں پاکستان کا پہلا ملٹی مشن سیٹلائٹ “پاک سیٹ ایم ایم ون” چین کے Xichang سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا تھا۔
پاکستان میں تیار پہلا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ آج خلا میں روانہ ہوگا
5