پشاور( اباسین خبر)تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پر بنائے گئے تمام کیسز بوگس ہیں اور یہ سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں۔پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے درخواست کی کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو رہا کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں گزشتہ دو سال سے سیاسی عدم استحکام کا سلسلہ جاری ہے، اور وہ امید رکھتے تھے کہ 190 ملین پانڈ کا فیصلہ ایک ہفتہ پہلے آ جائے گا۔ شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان پر بنائے گئے کیسز عدالتوں میں نہیں ٹھہر سکیں گے کیونکہ یہ سب سیاسی نوعیت کے ہیں۔شبلی فراز نے القادر یونیورسٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور بشری بی بی کو اس یونیورسٹی سے ایک پیسہ بھی فائدہ نہیں پہنچا۔ 190 ملین پانڈ حکومت پاکستان کے پاس گئے ہیں، نہ تو وہ پیسے عمران خان کے پاس گئے ہیں اور نہ ہی کسی اور کے۔رہنما تحریک انصاف نے 2024 کے انتخابات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملکی تاریخ کے بدترین انتخابات کرائے اور چیف الیکشن کمشنر کی پرفارمنس متنازع رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہمسایہ ممالک نے شفاف انتخابات کرائے اور ترقی کی، جبکہ ہمارے یہاں انتخابات ٹھیک نہیں ہو سکے جس کے باعث ملک لڑکھڑا رہا ہے۔شبلی فراز نے 26ویں آئینی ترمیم پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عدلیہ پر وار کیا گیا اور کہا کہ عمران خان نے اپنے مطالبات میں یہ نہیں کہا کہ انہیں رہا کیا جائے، بلکہ وہ قانون کی حکمرانی کے لئے اندر ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر حالات یہی رہے تو نوجوانوں کو اس ملک میں اپنا مستقبل نظر نہیں آئے گا، جس سے ملک کی ترقی مشکل ہو گی۔
عمران خان پر تمام کیسز بوگَس، مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے: شبلی فراز
9