پشاور( اباسین خبر)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اہلسنت اور اہل تشیع کے وفود سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں امن معاہدے کے نفاذ میں حائل رکاوٹوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقاتوں کے دوران فریقین نے اپنے تحفظات سے بیرسٹر ڈاکٹر سیف کو آگاہ کیا، جس پر انہوں نے ان تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں وفود نے کرم کے معاملے پر حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلایا اور قیام امن کے لیے حکومتی فیصلوں کا خیرمقدم کیا۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ کرم میں امن کا قیام دونوں فریقوں اور عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، اور علاقے میں پائیدار امن کی خاطر بنکرز کی مسماری کا عمل بلا تفریق جاری رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرم کے لیے امدادی سامان کا بڑا قافلہ عنقریب روانہ کیا جائے گا۔فریقین نے بنکرز کی مسماری سمیت تمام حکومتی فیصلوں پر عملدرآمد کا اعادہ کیا اور شر پسند عناصر سے دور رہنے کا عزم ظاہر کیا۔
بیرسٹر سیف سے اہلسنت واہل تشیع وفود کی ملاقاتیں، کرم معاملے پر تعاون کی یقین دہانی
6