کوئٹہ ( اباسین خبر)بلوچستان کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے انٹر ایجنسز ٹاسک فورس کو فعال کر دیا گیا ہے۔ ٹاسک فورس تفتان کے راستے ایران جانے والے افراد کی نگرانی کرے گی۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق، بلوچستان میں غیر روایتی راستوں سے بیرون ملک جانے والوں کی نگرانی کے لئے 2005 میں ایف آئی اے، پولیس، لیویز، کوسٹ گارڈ اور دیگر قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں پر مشتمل انٹر ایجنسز ٹاسک فورس بنائی گئی تھی، جسے اب فعال کر دیا گیا ہے۔تفتان میں تعینات ایف آئی اے کی اسپیشل ٹیم نہ صرف بیرون ملک جانے والوں کی جانچ پڑتال کر رہی ہے، بلکہ انسانی سمگلنگ اور ٹریفکنگ کے حوالے سے مقدمات بھی درج کر رہی ہے۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ انسانی سمگلنگ کے حوالے سے 2018 میں بنائے جانے والے قانون پر رواں سال سے عملدرآمد شروع کیا گیا ہے۔حکام نے مزید بتایا کہ رواں سال انسانی سمگلنگ کے 23 کیسز اور انسانی ٹریفکنگ کے پانچ کیسز درج کر کے کچھ ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے صوبے کے ائیرپورٹس کی کڑی نگرانی بھی کر رہی ہے تاکہ سعودی عرب جانے والے افراد کو بھیک مانگنے کے لیے روکا جا سکے۔
بلوچستان کے راستے انسانی سمگلنگ کےروک تھام کیلئے انٹر ایجنسز ٹاسک فورس فعال
9