پشاور( اباسین خبر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملٹری کورٹ سے سویلین کو سزائیں دینے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما علی زمان ایڈوکیٹ نے اس بات کی تصدیق کی کہ انصاف لائر فورم پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کرے گا، جس میں کہا جائے گا کہ ملٹری کورٹ میں ورکروں کو دی جانے والی سزائیں غلط ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا، علی امین گنڈاپور کے کہنے پر یہ رٹ دائر کی جائے گی اور ان فیصلوں کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی جائے گی، جس کے نتیجے میں سزا پانے والے افراد کی جلد رہائی کی توقع ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ جیلوں میں قید تمام قائدین اور کارکنان کی رہائی کے لیے دعائیں کریں۔یہ رٹ اس وقت دائر کی جا رہی ہے جب فوجی عدالتوں نے 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات میں ملوث 85 افراد کو سزائیں سنائی تھیں۔ ان سزا یافتہ افراد پر عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے احتجاج، توڑ پھوڑ اور جلا گھراو کے مقدمات درج کیے گئے تھے۔
پی ٹی آئی کا فوجی عدالتوں سے عام شہریوں کی سزاؤں کیخلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کا اعلان
4