حب( اباسین خبر)ترجمان صدر آصف علی زرداری اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت و ایگریکلچر میر علی حسن زہری نے اسلامی دنیا کی پہلی جمہوری طور منتخب خاتون وزیر اعظم اور دنیا کی ممتاز لیڈر شہید بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دختر مشرق نہ صرف ایک تاریخی شخصیت بلکہ ایک زندہ تحریک اور مشعلِ راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید جمہوریت، محترمہ بے نظیر بھٹو کی 17 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی اور اس دن کو شہید بی بی کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کے طور پر ملک بھر میں منایا جائے گا۔ ضلع حب سمیت ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے کارکنان بے نظیر بھٹو کے مزار پر چادریں چڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔ اس موقع پر عظیم الشان جلسے اور ریلیاں نکالی جائیں گی اور مقررین شہید بی بی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ بھٹو خاندان کا ملکی سیاست میں ایک اہم مقام ہے اور جمہوریت کے لیے قربانیوں سے بھرا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر جمہوریت کی آبیاری کی ہے۔ شہید بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ پاکستان کی سیاست میں جمہوریت اور مثبت سیاست کے لیے جدوجہد کی۔میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ شہید بی بی نے مارشل لا کے دور میں جیل بھی کاٹی لیکن جمہوریت پر کبھی سودے بازی نہیں کی اور ثابت کیا کہ وہ ایک مضبوط اعصاب کی مالک ہیں۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا کردار جمہوریت کے لیے نہایت اہم تھا اور یہ سلسلہ آج بھی صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی صورت میں کامیابی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے پاکستان میں خواتین کے مقام کے ارتقا میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ سیاسی میدان میں پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں اور ان کے اقدامات میں خواتین کی ترقی کی وزارت کی تشکیل اور اعلی عدلیہ میں خواتین کی تقرری شامل ہیں۔میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کی کرشمہ، قائدانہ صلاحیتیں، ہمدردی اور ذہانت نے انہیں طاقتور ترین مردوں سے بھی ممتاز کیا۔ پاکستان میں خواتین کے مقام کو بلند کرنے کے لیے ان کی لگن آج بھی ہر پاکستانی عورت کے دل میں جلتا ہوا شعلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید بی بی کا مشن تھا کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک بنے، جہاں آئین کی حکمرانی ہو اور عوام خوشحال ہوں۔ پیپلز پارٹی اس مشن کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے اور اس کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
27 دسمبر ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ،بے نظیر بھٹو کا قتل پاکستان کے روشن مستقبل کا قتل تھا، علی حسن زہری
1