اسلام آباد( کامرس ڈیسک) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت کے شعبہ میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔وزیر تجارت جام کمال نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے تجارتی تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ فروری 2025 میں سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاکستان کی پہلی سنگل کنٹری نمائش منعقد ہوگی۔جام کمال نے کہا کہ اس نمائش میں 133 پاکستانی کمپنیاں شرکت کریں گی، اور مختلف شعبوں جیسے فارماسیوٹیکل، سرجیکل، ٹیکسٹائل، فوڈ، کنسٹرکشن اور آئی سی ٹی کے سٹالز نمائش کا حصہ ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ نمائش پاکستانی مصنوعات کی عالمی سطح پر برانڈنگ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، اور اس کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کی ملٹی ملین لوگوں تک رسائی ممکن ہوگی۔وزیر تجارت نے اس بات پر زور دیا کہ بی ٹو بی ملاقاتوں کے نتیجے میں کئی معاہدے طے پا چکے ہیں، اور یہ نمائش مزید کامیاب تجارتی معاہدوں کا باعث بنے گی۔جام کمال نے بتایا کہ ٹی ڈیپ، وزارت تجارت اور سعودی کانٹر پارٹس مشترکہ انتظامات کر رہے ہیں تاکہ پاکستانی اور سعودی کاروباری کمیونٹی کے درمیان مزید تجارتی مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت میں بڑی پیش رفت
3