کراچی ( اباسین خبر) عوام پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو ناکام حکمران قرار دیتے ہوئے کہا کہ “ہر پاکستانی کی حالت مجموعی طور پر قوم کی حالت بنتی ہے، لیکن کیا کسی پاکستانی کی حالت بہتر ہوئی ہے؟”مفتاح اسماعیل نے کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش ہے اور ہم نے مزار قائد پر آ کر قائداعظم سے معافی مانگی ہے، کیونکہ ہم شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔سابق وزیر نے کہا کہ “ہم اپنے لوگوں کو روزگار فراہم نہیں کر سکے، اپنے بچوں کو تعلیم اور کفالت نہیں دے سکے۔ مہنگائی کی رفتار میں کمی نہیں آئی، اور لوگوں کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ “سٹاک مارکیٹ میں کام کرنے والے ڈیڑھ لاکھ افراد کی حالت بہتر ہوئی ہے، مگر باقی عوام کی حالت بدتر ہے۔ حکومت تنخواہ دار طبقے سے ٹیکس لے رہی ہے، جبکہ اربوں روپے کی زرعی اراضی رکھنے والے ٹیکس فری ہیں۔”مفتاح اسماعیل نے اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں اور اضلاع کو مزید اختیارات دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “ہر پاکستانی 50 ہزار روپے سالانہ صوبائی حکومت کو دیتا ہے، اس کے باوجود انہیں بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں۔”ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “ن لیگ کے پاس اخلاقی اعتبار تھا، لیکن 2024 کے انتخابات میں ن لیگ نے چوری کی۔”انہوں نے پی ٹی آئی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “ہم سمجھ رہے تھے کہ پی ٹی آئی والے حقیقی آزادی کے قائل ہیں، مگر وہ آزادی کے لیے امریکا کی منت ترلے کر رہے ہیں۔”مفتاح اسماعیل نے آخر میں کہا کہ “حکومت اور پی ٹی آئی کو ایک ساتھ بیٹھ کر بات کرنی چاہیے، کیونکہ عوام چاہتے ہیں کہ عمران خان آئیں تو ان کا آنا ضروری ہے۔ عوام کی مرضی کے آگے پاکستانی اداروں کو سر تسلیم خم کرنا چاہیے۔”
پی پی اور ن لیگ میں ناکام حکمران ہیں، مفتاح اسماعیل
2